جدوجہد آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے بھرپور استعمال پر زور
راولپنڈی:
جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سیکریٹری مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہاہے کہ سوشل میڈیا کے تیز رفتار دور میں کشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے میڈیا کا بھر پور استعمال کیا جارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرزا وجاہت رشید بیگ نے راولپنڈی میں کشمیر سنٹر راولپنڈی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ پرزوردیاکہ وہ کشمیری نوجوانوں خصوصا طلبا و طالبات کے ساتھ مل کر بھارتی ظلم و بربریت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پروگراموں کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی اور جغرافیائی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف انٹرن شپ پروگراموں کا آغاز کیا ہے جو کہ بہت احسن اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے اور عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کیلئے نئی اور جدید حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔ آزادکشمیر کی تمام یونیورسٹیز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سمینارز، کانفرنسوں اور ورکشاپوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں سوشل میڈیا ورکشاپس کے علاوہ ٹرینگ بھی دی جارہی ہے تاکہ نوجوان دورر جدید میں اس ٹول کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اپنے پیدائشی حق خودارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیر کی مضبوط آواز بن سکیں۔ مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ 5اگست 2019مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر لبریشن سیل کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر لبریشن سیل کا سوشل میڈیا یونٹ 24گھنٹے کام کر رہا ہے۔ لبریشن سیل کے زیر اہتمام یو نیورسٹیز کالجز اور سکولوں کی سطح پر تقریری مقابلوں اور حق خود ارادیت سے متعلق آگاہی مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی قومی اور بین الااقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سیکرٹری لبریشن سیل نے کہا کہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام 10دسمبرکو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انٹرنیشنل کشمیر سمینار منعقد کیا جائے گا۔ جس میں مختلف ممالک سے سکالرزشرکت کریں گے تاکہ عالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جاسکے۔تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن راجہ محمد سجاد خان، ڈائریکٹر نیشنل قومی اگاہی ونگ راجہ محمد اسلم خان، میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان، ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان، ڈپٹی ڈائریکٹرز سردار ساجد محمود ، سرفراز عباسی، سردار عظیم سرور، انچارج ڈیجیٹل میڈیا نجیب الغفور خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز راجہ راشد رضا، انعام الحسن کشمیری فرحان قیوم عباسی، نگران سید ضمیرالحسن نقوی اور دیگر آفیسران موجود تھے۔