خصوصی رپورٹ

لیگل فورم فارکشمیر کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں وکلا ء رہنمائوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی مذمت

download (1)اسلام آباد: کشمیر کے حوالے سے ایک بین الاقوامی ادارے لیگل فورم فار کشمیر (LFK)نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام کی طرف سے وکلاء رہنمائوںکی حالیہ گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایل ایف کے نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں وکلاء کے تحفظ کی فوری ضرورت پر زور دیا اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ فورم نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم ، نذیر احمد رونگا، محمد اشرف بٹ اور ایڈووکیٹ میاں مظفر سمیت معروف وکلاء کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)کے تحت یہ گرفتاریاں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والوںکودبانے کی کوشش ہے۔ایل ایف کے نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین کی ظالمانہ نوعیت کو اجاگرکیا جن کووکلائ، سول سوسائٹی کے ارکان اور صحافیوں کے خلاف ہتھیار کے طورپراستعمال کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ اس منظم جبر سے قانون کے شعبے کانقصان ہورہاہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔ایل ایف کے نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کریں اور ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ بیان میں بھارتی ظلم و جبر کو روکنے اور کشمیری وکلاء کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی مداخلت کی اپیل کی گئی۔فورم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت پر پابندیاں عائد کرے۔
دریں اثنا ء راولپنڈی اور اسلام آباد کی بار ایسوسی ایشنز نے بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں وکلا ء رہنمائون کی بلاجواز گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button