اقوام متحدہ تمام مذاہب کے احترام کی حمایت کرتا ہے
سیکریٹری جنرل کے ترجمان کا پیغمبر اسلام ۖ سے متعلق گستاخانہ بیانات پر اظہارخیال
اقوام متحدہ07جون (کے ایم ایس)
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجیرک نے کہاہے کہ عالمی ادارہ تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران اے پی پی کی طرف سے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کے میڈیا ونگ کے سربراہ نوین کمار جندال کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖسے متعلق گستاخانہ بیان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ انہوں نے اس بارے میں خبریں دیکھی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہاکہ انہوں نے توہین آمیز بیانات نہیں دیکھے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ آپ کو بتا سکتے ہیں کہ ہم تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
ادھروزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے اسلام اور پیغمبر اسلام ۖسے متعلق گستاخانہ بیانات کے خلاف سفارتی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے بھارت کے خلاف سرکاری طورپراحتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جارہی ہے ۔