کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد22 نومبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری ظلم وستم اورانسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آج کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماﺅں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انسانی حقوق کو پامال کررہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے حال ہی میں سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں معصوم شہریوں کے قتل اور انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نسل کشی کررہا ہے اور اس نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے۔ مقررین نے کہاکہ ہرروز بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاجارہا ہے اور قتل عام کا یہ سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔ انہوںنے کہا مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلسل فوجی محاصرے، ظلم وبربریت اوردیگر انسانیت سوز کارروائیوں کی وجہ سے ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کو تسلیم کرنے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کرنے سے دراصل بھارت ٹوٹ پھوٹ اور بر بادی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حریت رہنماﺅں نے کہاکہ بھارت کی فسطائی حکومت عالمی برادری کی تشویش کونظرانداز کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کررہا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کو غیر موثر کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کرکے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری عوام بھارت کو ان ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اورکشمیریوں کو ان کے جائز حقوق دلانے میں اپنا کردار اداکرے۔