بھارت

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے جارحانہ بیان کویکسر مسترد کر دیا

foreign-office

اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ کے علاقے دراس میں بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ جارحانہ بیان کو یکسر مستر د کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کے جنگ جویانہ اور دھمکی آمیز بیانات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے ۔ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب تنازعات خصوصا دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کیاجاسکتا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی لیڈراپنی بیان بازی کے ذریعے کشمیریوں کے اپنے بنیادی حقوق خاص طورپر حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے بھارت کے آمرانہ ہتھکنڈوں پرعالمی برادری کی تشویش کو ختم نہیں کر سکتے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ دوسروں پر دہشت گردی کاالزام لگانے کی بجائے بھارت کو بیرون ملک ٹارگٹ کلنگ، تخریب کاری اور دہشت گردی کو منظم کارروائیوں کی اپنی مہم پر غور کرنا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے ،جیساکہ فروری 2019میں بھارت کی طرف سے مہم جوئی کی کوشش کے نتیجے میں اسے موثر جواب دیاگیا تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button