سلامتی کونسل جموں کشمیرکے بارے میں اپنی منظورشدہ قراردادوں پر عملدرآمدکرائے : پاسبان حریت
مظفرآباد: پاسبان حریت جموں وکشمیر نے کہاہے کہ نریندرمودی کی زیرِ قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں ایک بیان میں کرگل دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے خود کو معصوم ثابت کرنے کی ناکام کوشش پر کہا کہ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ 5اگست 2019کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کرتے ہوئے بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی شناخت کس نے چھینی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام یہ بھی جانتے ہیں کہ ریاست جموں کشمیر کے ساتھ ماضی میں کئے گئے معاہدوں کو یکطرفہ طور پر کس نے توڑا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں چھپے بھارتی سامراج نے کشمیری عوام کے تمام انسانی ، سیاسی ،سماجی اور مذہبی حقوق چھین لئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سرکاری اور شہری زمینوں پر قبضہ کرکے بھارتی سرمایہ داروں کو فروخت کرنا اورجائیدادوں کی ضبطی بھارت کے ان گھنائونے منصوبوں کو آشکار کررہی ہے جن کے تحت وہ اسرائیل کے شیطانی منصوبے جموں کشمیر میں آزمانے کی کوشش کررہا ہے۔ عزیرغزالی نے کہاکہ کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد اور مزاحمت سے بھارتی وزیراعظم ، بی جے پی اور قابض فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیری نوجوان اپنی آزادی کے لیے بھارتی فوجی قبضے کیخلاف مزاحمت کو ہر محاذ پر منظم کریں گے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاکہ وہ جموں کشمیرکے بارے میں اپنی منظورشدہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔