مقبوضہ جموں و کشمیر

5 اگست کشمیریوں کے لیے یوم استحصال، یوم سوگ اور یوم سیاہ ہے: کل جماعتی حریت کانفرنس

APHC (1)

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ 5اگست کشمیریوں کے لیے ایک اوریوم استحصال، یوم سوگ اور یوم سیاہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے علاقے پرفوجی محاصرہ مسلط کر دیاتھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی/آر ایس ایس کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق غصب کیے ہیں اور 5اگست 2019 کے اقدامات کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت، روزگار، ڈیموگرافی اور بنیادی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی جدید تاریخ کا سب سے المناک، دردناک اور تباہ کن دنوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مظلوم کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ05 اگست کو مکمل ہڑتال کریں اوراسے یوم استحصال کشمیر اور یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی محاصرے کے پانچ سال مکمل ہونے پر انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب ہندوتوا قوتوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور اس کے عوام کو تمام سیاسی، سماجی، ثقافتی، معاشی اور مذہبی حقوق سے محروم کر دیا تھا۔انہوں نے 5اگست کو کشمیریوں کے لیے یوم سوگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا سانحہ بدترین ڈکیتی اور کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔ انہوں نے اس دن مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ 5اگست کے دن بھارت کی ہندوتوا حکومت نے اپنی تمام تر فوجی طاقت، وسائل اور اداروں کے ساتھ کشمیر پر حملہ کیا اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کئے۔عبدالرشید منہاس نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اس دن کشمیر میں ہندوتوا کی دہشت گردی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں اور دیگر پروگراموں کا اہتمام کریں۔انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک بہت بڑی جیل اور دنیا کا سب سے بڑا ٹارچر سیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے چپے چپے پر قاتل فوجی تعینات ہیںاور گزشتہ پانچ سال سے مسلسل محاصرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019سے قابض فورسز نے سینکڑوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو گرفتار کیا ہے جو جھوٹے مقدمات میں مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی جیلوں میں نظر بند ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button