5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، نذیر قریشی
لندن:گلوبل کشمیر کمپین کے چیئرمین اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رکن نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو 370 اور 35A دفعات منسوخ کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نذیر قریشی نے لندن میں ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ متنازعہ بین الاقوامی مسئلہ ہے اور بھارت یکطرفہ طور پر اس کی حیثیت کو ہرگزتبدیل نہیں کر سکتا۔انہوںنے کہا کہ کشمیری مودی حکومت کے تمام تر ظلم وستم کے باوجود تحریک آزادی جاری رکھے ہیں جس سے بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو ہندو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، مودی حکومت نے حریت رہنماﺅں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے ، کشمیریوں کی جائیدادیں چھینی جا رہی ہے جبکہ کشمیری ملازمین کو برطرف کیا جا رہا ہے اور بھارت یہ سب ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کر رہا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔