پاکستان

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا:صدر آصف علی زرداری

President-Asif-Ali-Zardari

اسلام آباد:صدرپاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آصف علی زرداری نے ان خیالات کا اظہار یوم ِاستحصال کشمیرکے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کیلئے 5 اگست 2019سے ایک مسلسل مہم کا آغاز کرچکا ہے، جموں و کشمیر میں باہر کے افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اجرا، ووٹر لسٹوں میں عارضی رہائشیوں کا اندراج، اسمبلی حلقوں میں تبدیلیاں اور زمین اور جائیداد کی ملکیت کے قوانین میں ترامیم اس مہم کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ مستحکم کرنے کی مہم کو پانچ سال مکمل ہورہے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کمزور کرنے کیلئے آج سے 5سال قبل بھارت نے متعدد یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کئے۔صدر مملکت نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی مسلسل موجودگی کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی جمائو والے علاقوں میں سے ایک ہے، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیاجارہا ہے اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے بھارت کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارت5 اگست 2019 سے لیکر اب تک کے اقدامات سے بین الاقوامی قانون، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل بے توقیری کرتا آ رہا ہے، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں،بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button