نڈر کشمیری بھارتی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے: مشعال ملک
اسلام آباد27فروری(کے ایم ایس )
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی تازہ لہر اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نڈر کشمیری بھارتی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے۔
مشعال ملک نے قائداعظم یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ سیمینار سے آذربائیجان کے سفیر نے بھی خطاب کیا۔مشعال ملک نے آذربائیجان کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیر کی آزادی کی جنگ کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمینیائی افواج کی طرح فسطائی بھارتی افواج نے بھی اجتماعی قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا اور نہتے کشمیریوں کا بے دردی سے قتل عام کیا ہے، بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے،بربریت اور غیر انسانی کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کے بارے میں نہ توسخت رویہ اپنایا اور نہ ہی ہندوتوا حکومت کے خلاف کوئی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیری لیڈروں ، خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا اور انہیں مظالم کا نشانہ بنایا جبکہ ہر اختلاف کرنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کیلئے وادی میں خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے مذموم منصوبہ کے تحت کام کیا تاہم بربریت کی ایسی کوئی پالیسی کشمیریوں کوآگے بڑھنے سے نہیں روک سکی۔ انہوں نے مسلم دنیا بالخصوص او آئی سی پر زور دیا کہ وہ وادی کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کی حکومت بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی میں جاری مظالم اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔آذربائیجان کے سفیر نے کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔