APHC-AJK

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دستخطی مہم کا انعقاد

NPC

اسلام آباد: یوم استحصال کشمیر کے موقع پرجموں و کشمیر لبریشن سیل اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد میں دستخطی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مہم کا افتتاح وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کیا۔ دستخطی مہم میں سابق وزرائے اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،سردار عبدالقیوم نیازی، کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، سابق مشیر برائے وزیراعظم پاکستان مشعال حسین ملک، پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان، سابق رکن اسمبلی پیر ڈاکٹر سید علی رضا بخاری، حریت رہنمائوں ایڈووکیٹ پرویز احمد، عبدالحمید لون، چیئر پرسن جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نبیلہ ارشاد ، نیشنل پریس کلب کے ممبران،سینئر صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں،سویٹ ہوم کے بچوں، یونیورسٹی طلباء اورراولپنڈی/اسلام آبادمیں مقیم کشمیریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے دستخطوں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر 5اگست 2019 کے مودی حکومت کے غیر قانونی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے سے نہیں روک سکتی ۔انہوںنے جموں و کشمیر لبریشن سیل اور نیشنل پریس کلب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دستخطی مہم کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور جموں و کشمیر کے مسلم تشخص پر اس کے حملے کو مسترد کرتے ہیں۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا 5 اگست 2019کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے مذموم اقدام پر پوری کشمیری قوم سراپا احتجاج ہے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ 05اگست کا اقدام کرکے بھارت نے کشمیریوں کو اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے کہ یہ مسئلہ زبان سے نہیں گولی سے حل ہوگا۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کا 05 اگست کا اقدام مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے،کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس حوالے سے کشمیری قیادت کیساتھ ملکر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔جموں و کشمیر لبریشن سیل کے حکام نے دستخطی مہم میں شریک ہونیوالی اہم شخصیات کو سیل کی سرگرمیوں، مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔ اس سے قبل نیشنل پریس کلب کی سیکریٹری نیر علی، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین خالد گردیزی، سینئر صحافی عابد عباسی اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کی جانب سے راجہ خان افسر خان، سردار نجیب الغفور خان اور راجہ راشد رضا نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button