مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری عوام اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں

Sheikh_Aziz

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تحریک وحدت اسلامی، پیروان ولایت اورانٹرنیشنل فورم فارجسٹس ایند ہیومن رائٹس نے ممتاز آزادی پسند رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کے16ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے نظربند چیئرمین فیاض حسین جعفری ،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سید سبط شبیر قمی اورانٹرنیشنل فورم فارجسٹس ایند ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتونے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کر دی تھی۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی جبر ی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں کی صعوبتیں برداشت کیں اور با لآخر ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جاں قرباں کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی قربانی کشمیرکی آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز پاکستان سے والہانہ عقیدت اورمحبت رکھتے تھے اور وہ الحاق پاکستان کے زبردست حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ، جموں وکشمیر غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر ایک دن ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا۔

پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی اور وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے بھی اپنے ایک مشترکہ بیان میں شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آزادی، حق خودارادیت اور عوامی حقوق کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک نڈر ، بے باک اور راہ حق پر ثابت قدمی سے کھڑے رہنے والے رہنما تھے۔ انہوں نے کہاکہ شہید عزیمت تحریک آزادی کشمیر میں ایک خاص مقام اور ممتاز حیثیت رکھتے تھے جنہوں نے بھارتی سامراج کیخلاف وادی کشمیر کے لوگوں کو متحرک کیا۔بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست 2008کو ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کرد یا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔

 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button