جیل میں نظربند حریت قیادت کا یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار
سرینگر:جیل میں نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے 14اگست کو منائے جانے والے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے ایک پیغام میں تنازعہ کشمیر کو تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایک متحرک، مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب اس وقت تک ادھورا رہے گا جب تک کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کر کے پاکستان کا حصہ نہیں بنایا جاتا۔نعیم احمد خان نے اپنے پیغام میں حق خودارادیت کے حصول کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ موجودہ پاکستانی حکومت تنازعہ کشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کو تمام بین الاقوامی فورموں پر اجاگر کرے گی۔