APHC

کشمیری نوجوانوں کے قتل، نظربندوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کی مذمت

اسلام آباد 10 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل، گرفتای اور سیاسی نظربندوں کی بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کشمیری قیدیوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کے اقدام کو بدترین ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت آزادی پسند کشمیریوں کو اپنے وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے جیلوں میں غیر قانونی طورپرنظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، غلام احمد گلزار، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر ،معراج الدین کلوال، نوجوان، طلباء، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے راجوری قصبہ میں مسلم وقف اراضی پر قبضہ اورمقبوضہ جموںوکشمیر میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے پر بھارتی حکام کی مذمت کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سکریٹری شیخ عبدالمتین نے ایک میڈیا انٹرویو میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور انہیں تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماو¿ں کو بھارتی حکام نے غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جیلوں میں ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکام کے اس غیر انسانی عمل کا نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہا کہ بی بی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی مقبوضہ جموں وکشمیر میں شہریوں سے انکی گاڑیاں چھینتے کے بعد انہیں جعلی مقابلوں میں استعمال کرتے ہیں جبکہ گاڑیوں کے مالکان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں فوجی کیمپوںمیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اورتنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button