مولانا عباس انصاری کو شاندار خراج عقیدت پیش
سرینگر26اکتوبر(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سینئر حریت رہنما مولانا عباس انصاری کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جو گزشتہ روز سرینگر میں انتقال کر گئے تھے۔
غیر قانونی طور پر نظربند سینئر حریت رہنما غلام احمد گلزار نے سری نگر سینٹرل جیل سے ایک پیغام میں مولانا عباس انصاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اسے کشمیر کی جاری تحریک آزادی کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ مولانا عباس انصاری ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت کے لیے وقف کیے رکھی اور مظلوم کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی، مذہبی حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عباس انصاری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کے طور پر کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا عباس انصاری کو کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی پاداش میں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا لیکن وہ ثابت قدم رہے اور بھارتی جبر کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مولانا عباس انصاری کے انتقال سے کشمیری تحریک آزادی کے ایک بے لوث رہنما کے ساتھ ساتھ ایک عظیم عالم دین سے بھی محروم ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی کشمیر کاز اور کشمیری معاشرے کیلئے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کیلئے دعا کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کرہنما محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں ایک بیان میں مولانا عباس انصاری کی وفات کو کشمیری عوام اور تحریک آزادی کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک دلیر رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم اتحاد کے حامی تھے اور اس سلسلے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔جموں و کشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرا اور جموں و کشمیرپولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کا ایک وفد ڈاکٹر مصعب کی قیادت میں حریت رہنما مولانا عباس انصاری کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے نواع کدل سرینگر گیا۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں مولانا عباس انصاری کی موت پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی میں مرحوم کا طویل اور غیر متزلزل کردار ناقابل فراموش ہے۔ بیان میں مولانا عباس انصاری کی موت کو تحریک آزادی کے ایک اہم باب کا خاتمہ بھی قرار دیا گیا۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد سلطان بٹ ، مشتاق احمد بٹ اور سید مشتاق حسین نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں مولانا عباس انصاری کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک امن پسند آدمی تھے اور پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر یقین رکھتے تھے۔