سیکریٹری امور کشمیر کی حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات ،27اکتوبرکویوم سیاہ منانے کے حوالے سے تبادلہ خیال
اسلام آباد 22 ستمبر (کے ایم ایس)
سیکریٹری امور کشمیر بابر حیات تارڑ نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے وفد سے ملاقات کی اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفدمیں سیکرٹری جنرل شیخ عبد المتین اور سیکرٹری انفارمیشن امتیاز وانی شامل تھے ۔ بابر حیات تارڑ نے اس موقع پر کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی اس ناقابل تنسیخ حق کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گااور تمام عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرتا رہے گا۔بابر حیات نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور انداز سے منایا جائے گااورپوری پاکستانی اور کشمیری قوم بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف سراپا احتجاج ہو گی۔ اس موقع پر شیخ عبدالمتین نے کہاکہ 5اگست 2019کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی مذہبی آزادی اور منفرد شناخت کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔