بھارت میں روزانہ 90 ریپ ہوتے ہیں، 15 دنوں میں سخت سزا دی جائے: ممتا بنرجی کا مودی کو خط
کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر عصمت دری پر سخت قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے خط میں 15 دنوں کے اندر ملزموں کو سخت سزا دینے کے لیے قانون بنانے اور خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے مشیر اعلیٰ ر الپن بندیوپادھیائے نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں عصمت دری کے واقعات باقاعدگی سے رپورٹ ہورہے ہیں۔ بہت سے معاملات میں قتل کے ساتھ عصمت دری بھی ہوتی ہے۔ ملک میں روزانہ تقریباً 90 عصمت دری کے واقعات معاشرے اور قوم کے اعتماد اور ضمیر کو جھنجھوڑ دیتے ہیں۔خواتین اپنے آپ کو غیرمحفوظ محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے لکھااس طرح کے گھناو¿نے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مثالی سزا دینے کے لیے سخت قوانین ہونے چاہئیںاور مقدمات میں تیزی سے ٹرائل کے لیے فاسٹ ٹریک خصوصی عدالتوں کے قیام پر بھی غور کیا جانا چاہیے تاکہ 15 دن میں سماعت مکمل ہو سکے۔
یادرہے کہ مغربی بنگال کے آر جی۔ کار میڈیکل کالج ہسپتال میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس وحشیانہ واقعے پر بھارت بھر کے ڈاکٹروں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ واقعے میں ملوث ملزموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔