مقبوضہ کشمیر ، نیشنل کانفرنسAFSPA کی تنسیخ کو ترجیح دے گی، عمر عبداللہ
سرینگر:بھار ت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر اور گاندربل اسمبلی حلقہ کے پارٹی امیدوار عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (AFSPA) کو منسوخ کرنے کو ترجیح دے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے گاندربل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این سی کشمیری نوجوانوں کو درپیش بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اس کے حلیفوں کے حق میں کوئی بھی ووٹ نہ ڈالنے سے بالآخر بی جے پی کو ہی فائدہ پہنچے گا، اس سے قطع نظر کہ لوگ کس پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ این سی بی جے پی کے خلاف خوف کے ہتھکنڈوں سے جیتنے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ایک جامع منشور تیار کیا ہے جو کشمیریوں کے تحفظات کو دور کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں آنے کے بعد، NC زیر قیادت حکومت AFSPA کی تنسیخ کو ترجیح دے گی جس سے ہمارے نوجوانوں کو درپیش غیر منصفانہ ایذا رسانی کا خاتمہ ہو گا۔”