بزرگ قائد تحریک سید علی گیلانی کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے
سری نگر :تحریک آزادی کشمیر کے قائد بزرگ حریت رہنما اور کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے استعارہ سید علی گیلانی کی آج تیسری برسی منائی جا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی کا یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظربندی کے دوران انتقال ہو گیا جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نظر بند تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے حیدر پورہ قبرستان جانے کی اپیل کی ہے، جہاں سید علی گیلانی مدفن ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال کو تمام آزادی پسند تنظیموں نے سپورٹ کیا ہے۔ حریت کانفرنس نے نے ائمہ اور خطیبوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے قائد سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری شہدا کیلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے پرامن مظاہرے کریں۔