کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ اوردیگر کا شہدائے جموں کو خراج عقیدت
اسلام آباد 06نومبر(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںو کشمیر شاخ نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں ایک گول میزکانفرنس کا انعقادکیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ کانفرنس میں فرزانہ یعقوب، راجہ نجابت حسین، غلام نبی بٹ، راجہ پرویز اور مقبوضہ جموں وکشمیرجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی ۔مقررین نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس دن کو اس تجدیدعہد کے ساتھ منا تے ہیں کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود اراداریت کے حصول تک شہداء کا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا بھارت کی درندہ صفت فوج اور ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے ظالم فوجیوں نے مکرو فریب سے جموں کے مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانیں ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کیں اور انکی بیش بہاقربانیاں ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے
https://twitter.com/KmsKashmir/status/1589196126371999744
مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے جموں کے لاکھوں مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام شہدا ء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی پرامن جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر کھلی فضا میں سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
دریں اثناء شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایک سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جن میں آزادی پسند رہنمائوں، مختلف سیاسی، سماجی اورمذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، سول سوسائٹی کے عمائدین اورعام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمنار سے آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان، حریت رہنمائوں عزیر احمد غزالی ، مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، ڈاکٹر محمد منظور، سیاسی رہنمائوںشوکت جاوید میر، جاوید احمد مغل، بلال احمد فاروقی، محمد اسلم انقلابی، چوہدری محمد مشتاق، راجہ سجاد خان، محمد صادق بٹ، چوہدری نذیراحمدثانی، راجہ گلزرین، پرویز درانی، لیاقت علی رانا اور تنویراحمد درانی نے خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد جموں کے شہریوں کا اجتماعی قتل عام انسانی تاریخ کا بدترین اقدام تھا جس میں اڑھائی لاکھ کے قریب نہتے مسلمانوں کو قتل کیا گیا، ہزاروں بچوں اور خواتین کو اغوا کیا گیا اورلاکھوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں کے مسلمانوںکے قتل عام کا مقصد علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔ سیمینارکے شرکاء نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اولڈ سیکرٹریٹ سے برہان وانی شہید چوک تک ایک ریلی بھی نکالی ۔
ادھر حریت رہنما الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء کے مقدس لہو اور عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ اوردیگر کا شہدائے جموں کو خراج عقیدت pic.twitter.com/GAN4APBP4v
— KMS اردو (@KMS_IIOJK) November 6, 2022