بیانات

بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کر سکتے: حریت کانفرنس


سرینگر
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ قتل و غارت، گرفتاریاں، تشدد اور دیگر بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کر سکتے اور وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری میں ایک جعلی مقابلے میں تین طالب علموں کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظربندی اور مختلف جیلوں میں بندحریت قیادت اور نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد میں مصروف ہیں اور اسے ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی اور اس کے کٹھ پتلی اپنے بیانات اور پروپیگنڈے کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نام نہاد انتخابی ڈرامے سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتطامیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو دہشت گردی اور نام نہاد انتخابی ڈرامے سے جوڑا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتی۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں استصواب رائے کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button