پاکستان

غزہ ہو یا مقبوضہ کشمیر کہیں بھی انسانیت سوز مظالم برداشت نہیں کیے جاسکتے، وزیر اعظم شہبا ز شریف

نیویارک میں جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلا س سے خطاب ، کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ

نیویارک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ غزہ ہو یا مقبوضہ کشمیر کہیں بھی غیر انسانی سلوک اور انسانیت سوز مظالم برداشت نہیں کیے جاسکتے۔ غزہ میں محض لڑائی نہیں ہو رہی، بے گناہ شہریوں کو منظم طریقے سے موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ان خیالات کااظہارنیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے اپنے خطاب کا آغاز قرآن پاک کی آیات سے کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بطور وزیر اعظم دوسری مرتبہ خطاب کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام طویل عرصے سے اپناناقابل تنسیخ حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں، جس کا وعدہ عالمی برادری نے ان سے کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر آج بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔انہوںنے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور پاکستان آج بھی اس عزم پر قائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی کشیدہ اور سنگین ہے۔ کشمیریوں پر ان کی اپنی زمین تنگ کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی افراد کو زمینیں دے کر آباد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم کوششیں کر رہی ہے۔ 2019میں بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے بھارتی قیادت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ غیر معمولی انسانیت سوز مظالم جھیلنے کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری نوجوان برہان وانی شہیدکی میراث پر عمل پیرا ہیں ۔شہباز شریف نے کہاکہ لاکھوں بھارتی فوجی جموں وکشمیر کے عوام پر دہشت مسلط کیے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے بھارت پر5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات واپس لینے پر بھی زوردیا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ امن کے قیام کی کوشش کرنے کے بجائے بھارتی قیادت حالات کو مزید خراب کر رہی ہے۔ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگاکر کارروائی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ بدقسمتی سے بھارت نے پاکستان کی مثبت تجاویز کا جواب نہیں دیا۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم شہبا ز شریف نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی نے انسانیت کو اس کی بنیاد تک ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو طول دینے والوں کے ہاتھ پر بھی خون میں رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button