مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، سنجرانی
اسلام آباد، 13 جولائی (کے ایم ایس) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ناممکن ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آج یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا بھارت سے آزادی کا خواب اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے پورا ہو گا۔
چیئرمین نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لے اور علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فورسز کے مظالم سخت قابل مذمت ہیں۔
قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مقبوضہ علاقے کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں پر مظالم ان کی آزادی کی آواز کو دبانہیں سکتے۔