وزیر اعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کی،اسیر حریت قیادت
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی غیر قانونی طور پر نظر بند اعلیٰ قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسیر چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنماﺅں شبیر احمد شاہ اور نعیم خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کی تقریر کو کشمیریوں کی امنگوں کا حقیقی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اٹھایا ہے اور وہ اس مسئلے کے جلد حل کے حوالے سے عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے بھر پورسیاسی اور سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ اسیر رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حمایت غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے سب سے بڑے عالمی فورم پر کشمیری عوام کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ بھارتی طرز عمل اور ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور مسئلے کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور سینئر حریت رہنماو¿ں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر اور الطاف حسین وانی نے اپنے بیانات میں کشمیریوں کی حالت زار کو بہترین طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کی پرجوش وکالت کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے دونوں خطوں کی مظلوم قوموں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی۔ بیانات میں کہا گیا کہ کشمیر کاز کی بھرپور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت محکوم کشمیریوں کیلئے ہمت و تقویت کا باعث ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، انفارمیشن سیکریٹری مشتاق احمد بٹ، سید فیض نقشبندی، میر طاہر مسعود، عزیر احمد غزالی اور دیگر نے بھی وزیراعظم کی تقریر کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے جرائت مندانہ قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے عالمی فورم پر تنازعہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرکے کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی حقیقی ترجمانی کی۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے محکوم لوگوں کے حق میں ایک بار پھر بھر پور انداز سے آواز اٹھانے پر ان کے مشکور ہیں۔
حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا وکیل سمجھتے ہیں جو تنازعہ کشمیر کے دیرپا اور پرامن حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں بھارت کی ہٹ دھرمی واحد رکاوٹ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔