مودی حکومت پارلیمنٹ میں بحث سے خوفزدہ ہے،راہل گاندھی
نئی دلی 30 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس کے رہنماء راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں بحث کے بغیر زرعی قوانین کی منسوخی کیلئے قانون سازی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت بحث سے ڈرتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے پارٹی قائدین کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہاتھا کہ مودی حکومت کو متنازعہ زرعی قوانین منسوخ کر نے پڑیں گے اور حکومت نے ان قوانین کو واپس لے لیاہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قوانین کی منسوخی سے متعلق قانون پر بحث چاہتی تھی۔ ہم کسانوں کی شہادت، زرعی قوانین کا جواز، لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل اور دیگر موضوعات پر بحث چاہتے تھے۔ تاہم راہل گاندھی نے کہاکہ نریندر مودی جانتے ہیں ان کی حکومت سے غلطی سرزد ہوئی ہے لہذا وہ بحث سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے متنازعہ قوانین کی منسوخی کے قانون کی منظوری کو کسانوں اور مزدوروں کی جیت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کی منسوخی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ دار کسانوں کی طاقت کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں۔