مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل اور زمینوں پر جبری قبضے کی مذمت
سرینگر30 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر فریڈم فرنٹ اور جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے بے گناہ شہریوں کے قتل اور علاقے میں زمینوں پر جبری قبضے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حیدر پورہ، رام باغ ،پلوامہ اور دیگر شہدائے کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قربانیوں کی بدولت کشمیری عوام جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات نے ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے نہتے کشمیریوں کو شہید کررہی ہے اور بندوق کی نوک پر ان کی زمینوں پر قبضہ کر رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجی کیمپوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو بزور طاقت ان کی آبائی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔