بھارت اس وقت فاشزم کی گرفت میں ہے، ارشد مدنی
نئی دلی: جمعیت علماءہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ وقف ترمیمی بل کے ذریعے وقف املاک پر قبضے کی سازش کو بے نقاب کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ذہنیت ایک مخصوص کمیونٹی(مسلمانوں) کو پسماندہ کرنے کی ناکام کوشش اور منصوبہ بند سازش کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مولانا ارشد مدنی نے تنظیم کے ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 3 نومبر کو دہلی میں جمعیت علماءہند کی ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کا مقصد مساوات اور ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینا، جمہوریت اورملک کے آئین کی حفاظت کا عزم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقف (ترمیمی) بل کی آڑ میں وقف املاک کو ضبط کرنے کی سازش کو بے نقاب کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بل کا اصل مقصد مسلمانوں کو قیمتی ورثے سے محروم کرنا ہے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ سنگین حالات سے نمٹنے کے لیے ہمیں کیا اقدامات کرنے چاہئیں اس پر گہرائی سے بات کرنے کے لیے اگلے ماہ کی 3تاریخ کو ایک کانفرنس منعقد کی جائیگی۔
مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ یکے بعد دیگرے رونما ہونے والے واقعات کو دیکھتے ہوئے اب اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ بھارت فاشزم کی گرفت میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو پسماندہ کرنے کی منصوبہ بند سازش کی جارہی ہے اورنئے تنازعات پیدا کرکے انہیں مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔