مقبوضہ کشمیر : کابینہ نے ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے قرارداد منظور کر دی
سرینگر:
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد وزیر اعلی عمر عبداللہ کی قیادت میں کابینہ کے پہلے اجلاس میں جموںوکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے ایک قرارداد منظور کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر اعلی عمر عبداللہ آئندہ چند دنوں میں نئی دلی جاکر قرارداد کا مسودہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حوالے کریں گے۔عمر عبداللہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں نائب وزیر اعلی سریندر چوہدری اور وزراء سکینہ مسعود ایتو، جاوید احمد رانا، جاوید احمد ڈار اور ستیش شرما نے شرکت کی۔مقبوضہ کشمیر کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کابینہ میں شمولیت جموں وکشمیر کی ریاستی درجے کی بحالی سے مشروط کر رکھی ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے یقین ظاہر کیاہے کہ مودی حکومت جلد ہی مقبوضہ کشمیر کو ریاستی حیثیت بحال کر دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ نے دو ماہ کے اندر ریاستی شناخت کی بحالی کی درخواست پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا ہے اورانہیں یقین ہے کہ بھارتی حکومت جلد ہی اسے بحال کرے گی۔