لبریشن فرنٹ کا یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر اظہارتشویش
اسلام آباد: جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کااظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان اعلیٰ محمد رفیق ڈار نے آج اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تہاڑ جیل میں محمدیاسین ملک کا مناسب علاج نہ ہونے کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ عدالتی احکامات کے باجود یاسین ملک کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ یاسین ملک نے جیل انتظامیہ کے غیر انسانی رویے کے خلاف بطور احتجاج اوویات لینا بند کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک دل کے عارضے کے ساتھ ساتھ گردوں کی تکلیف میں بھی مبتلا ہیں اور انکے جسمانی وزن میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے جو باعث تشویش ہے۔
محمد رفیق ڈار نے کہا کہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی بات کرنے پر بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ محمد یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور اب انہیں سزائے موت دینے کی تیاری کی جا رہی ہے تاہم اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انہیں حق پر مبنی اپنے موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹایا جاسکتا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی تاکہ وہ محمد یاسین ملک اور غیر قانونی طورپر نظر بند دیگر آزادی پسند کشمیری رہنماﺅں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور انکی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
جے کے ایل ایف کے مرکزی ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے اب بھارتی تسلط سے مکمل آزادی ان کا مقدر بن چکی ہے۔