کشمیری اپنی جدوجہد بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں ،سردار عتیق
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیرکے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر راجہ محمد یاسین خان اور حریت رہنما سید یوسف نسیم سے مظفر آباد میں ملاقات میں سردار عتیق نے عالمی برادری پراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی قبضے اور وحشیانہ ظلم وبربریت کے باوجود کشمیری عوام اپنی پرامن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے مظالم کی تمام حدیںپار کر دی ہیں اور عالمی اداروں کو بیدار ہونے کی اشد ضرورت ہے۔سردار عتیق نے کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر بھی زور دیا جو بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر قید ہیں۔