کانگریس کی مہنگائی اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافے پر مودی حکومت پر کڑی تنقید
نئی دلی:
بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر مودی حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے کہا ہے کہ مودی کی حکومت کا مقصد مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کو حل کرنا نہیں، بلکہ صرف اعداد و شمار کی بازی گری سے حقیقت کو چھپانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے مسائل کو نظرانداز کر کے صرف اعداد و شمار کی سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام مہنگائی کی وجہ سے شدیدمشکلات کا شکار ہے اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور مہنگائی کی شرح گزشتہ 14ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ حکومت صرف قیمتوں کو کم دکھانے کیلئے اعداد و شمار کو تبدیل کر رہی ہے تاکہ مہنگائی میں کمی دکھائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا بوجھ عوام پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے عوام کو دو کروڑ نوکریاں دینے کابھی وعدہ کیا تھا ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ حکومت بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح کو چھپانے کیلئے اعداد و شمار میں تبدیلی کر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔