بے لگام بھارتی فوج کشمیریوں کے خلاف گھناﺅنے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، حریت کانفرنس
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بے لگام بھارتی فوجی اور بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسیاں آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کے خلاف گھناﺅنے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور تنظیموں بشیر احمد اندرابی، امتیاز ریشی، مولانا مصعب ندوی، جموں کشمیر مسلم لیگ، جموں کشمیر تحریک حریت، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموں کشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام سیاسی، معاشرتی ، معاشی اور مذہبی حقوق غصب کر لیے ہیں۔انہوںنے کہا کہ کہ بھارتی فورسز کو کالے قانون آڑمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بے لگام اختیارات حاصل ہیں،بھارت نے جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو بر قرار رکھنے کیلئے دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکارتعینات کر رکھے ہیں او ر مقبوضہ علاقہ اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی اہلکار کشمیریوں کی جائز امنگنوں کو دبانے کیلئے علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں اور کشمیری مسلسل خوف و دہشت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے واضح کیا کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے،مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں دیر پا امن وترقی ہرگز ممکن نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت اپنے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت ہرگز متاثر نہیں کرسکتی ہے۔ انہوںنے سرینگر کے علاقے داچھی گام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کے تمام تر جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت کو جموں وکشمیر کے حوالے سے اپنے مذموم عزام میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالیں۔