بی جے پی حکومت نے آئین کو ہائی جیک کر رکھا ہے، پرینکا گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کی رہنما اور پارلیمنٹ کی رکن پرینکا گاندھی نے آئین کو پامال کرنے اور ملک میں تقسیم اور خوف و دہشت کو فروغ دینے پر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر کڑی تنقید کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں تقریر کے دوران کہا کہ حکومت کے اقدامات سے اتحاد اور انصاف کی بنیادی اقدار کو نقصان پہنچ رہاہے۔انہوںنے کہا کہ آئین ملک کے تحفظ کے حوالے سے ایک ڈھال کے طور پر کام کرتا ہے اور یہ انصاف، مساوات اور جابرانہ حکمرانی کو چیلنج کرنے کے حق کو یقینی بناتا ہے لیکن آج جو لوگ اقتدار میں ہیں انہوں نے اس آئین کو اپنے تقسیمی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے ہائی جیک کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ تشدد کے بیج بو رہی ہے۔انہوں نے خوف کے بڑھتے ہوئے ماحول پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں، پروفیسروں، کسانوں اور حقوق کے کارکنوں کو انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسی ریاستی ایجنسیوں کیطرف سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت بزنس ٹائیکون اڈانی کی حمایت کر رہی ہے اور ملک کے 1.42 بلین لوگوں کی قیمت پر ایک فرد کو فائدہ پہنچانے کے لیے پالیسیاں بنارہی ہے۔
انہوں نے اترپردیش کے ضلع سنبھل میں پولیس کی گولی کا نشانہ بننے والے ایک مسلمان درزی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ©” اسکا بھی ایک خواب تھا ، اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دلانے کا ، انہیں ڈاکٹر بنانے کا ، لیکن پولیس نے اسے گولی مار دی۔ یاد رہے کہ سنبھل میں پولیس نے حال ہی ایک مسجد کے سروے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مسلمانوں پر اندھا دھند گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے پانچ مسلمان جاں بحق ہو گئے تھے۔