ٹوئٹر نے نئی دلی اور ممبئی میں اپنے دفاتر بند کردیے
نئی دلی17فروری (کے ایم ایس )
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے بھارت میں نئی دلی اور ممبئی میں واقع اپنے 2 دفاتر کو بند کردیا ہے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے بھارت میں اپنے 3میں سے 2 دفاتر بند کرتے ہوئے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔یہ دفاتر نئی دلی اور ممبئی میں واقع ہیں جنہیں بند کردیاگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ٹوئٹر نے بھارت میں اپنے 90فیصد ملازمین کو فارغ کردیا تھا جس کے بعد اب دہلی اور ممبئی دفاتر کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر بنگلورو میں واقع اپنے آفس سے آپریشنز کو جاری رکھے گا۔ٹوئٹر کے دفاتر کو بند کرنے کے فیصلے کو اخراجات میں کمی سے متعلق اقدام قرار دیاجارہا ہے۔ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے ایلون مسک اب تک دنیا بھر میں ٹوئٹر کے متعدد ملازمین کو فارغ کرچکے ہیں جبکہ کئی دفاتر بھی بند کیے جاچکے ہیں۔