بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ، خواجہ فردوس
http://img.dunyanews.tv/news/2016/August/08-01-16/news_big_images/347318_36033093.jpg
سرینگر07 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت ظلم و تشدد، گرفتاریوں اور قتل عام جیسے تمام ترہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔
خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے اور وہ اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ علاقے میں بدترین مظالم ڈھا رہی ہے اور نہتے کشمیری نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے جیل خانوں کی زینت بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وادی کے طول و عرض میں شدید سرد موسم کے باوجود چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے واضح بھارت سمجھتا ظلم و تشدد اور گرفتاریوں جیسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے میںہرگز کامیاب نہیں ہوگا ۔ حریت رہنما نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر بھی شدید تشویش ظاہر کی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حقیقت ہے اور بھارت اس سے فرار حاصل نہیں کرسکتا ۔ انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد اس حقیقت کو تسلیم کرے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق انکا حق خود ارادیت دے ۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کے خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔