مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر : اسکولوں میں ہندو بھجن گانے کے قابض انتظامیہ کے احکامات کی شدید مذمت

سرینگر20 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس علماء جموں و کشمیر نے مقبوضہ علاقے کے اسکولوں میں ہندو بھجن گانے سے متعلق قابض انتظامیہ کے احکامات کی شدید مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں کولگام کے علاقے ناگام کے ایک سرکاری ہائی اسکول میں اسمبلی کے دوران طلباء کو ہندو بھجن گاتے ہوئے دکھا یاگیا ہے ۔متحدہ مجلس علما نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ یہ معاملہ کشمیری قوم کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے اور یہ ہماری مذہبی شناخت کو مجروح کرنے کی ایک مکروہ کوشش ہے۔بیان میں واضح کیاگیا ہے کہ اپنے مذہب اور اسلامی تشخص کا تحفظ بحیثیت مسلمان ہماری بنیادی مذہبی ذمہ داری ہے اور اس میں حکومت، محکمہ تعلیم یا کسی دوسرے ادارے کی دانستہ مداخلت کوہر قبول اور برداشت نہیں کیا جائیگا۔بیان کے مطابق ایسا محسوس کیا جارہا ہے کہ نوجوان کشمیری نسل کو سرکاری تعلیمی اداروں کے ذریعے ارتداد کی طرف دھکیلنے، انھیں اسلامی عقائد اور شناخت سے دور کرنے اورہندوتوا کے تصور کے ساتھ بھارت کے ساتھ انضمام کے عمل کو تیز کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں جوانتہائی سنگین اور توجہ طلب معاملہ ہے ۔ متحدہ مجلس علماء نے کہاکہ جموں و کشمیر میں علما ئے کرام کے حوصلے پست کرنے اور ان کے اثر و رسوخ کو کمزور کرنے کی بھی کوششیں جاری ہیں اور حال ہی میں علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں کی گرفتاریاں اور انکے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج اور متحدہ مجلس علما کے سرپرست میر واعظ عمر فاروق کی گزشتہ تین سال سے جاری نظربندی اس کاواضح ثبوت ہے۔بیان میں کہاگیا کہ تمام تر مشکلات اور دبا ئوکے باوجود متحدہ مجلس علما اس سنگین معاملے پر غور و خوض اور ایک متفقہ حکمت عملی وضع کرنے کیلئے اپنے ممبران کا ایک اجلاس بلانے کی کوشش کرے گی ۔ بیان میں اساتذہ سمیت کشمیری عوام پر زور دیاگیا ہے کہ وہ قابض حکام ان آمرانہ احکامات کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں جو ہمارے مذہبی عقائد اور شناخت کے بالکل خلاف ہیں۔متحدہ مجلس علماء میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر، دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ، مسلم پرسنل لاء بورڈ، انجمن شرعی شیعان، جمعیت اہل حدیث، جماعت اسلامی، کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام، انجمن تبلیغ الاسلام، جمعیت ہمدانیہ، انجمن علمائے احناف، دارالعلوم قاسمیہ، دارالعلوم بلالیہ، انجمن نصرت الاسلام، انجمن مظہرالحق، جمعیت الائمہ و علمائ، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر، دارالعلوم نقشبندیہ، دارالعلوم رشیدیہ، اہل بیت فانڈیشن، مدرسہ کنز العلوم، پیروان ولایت، اوقاف اسلامیہ خرم سرہامہ، بزم توحید اہلحدیث ٹرسٹ، انجمن تنظیم المکاتب، محمدی ٹرسٹ، انجمن انوار الاسلام، کاروانِ ختمِ نبوت، دارالعلوم سید المرسلین، انجمن علماء و ائمہ مسجد، فلاح دارین ٹرسٹ ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد اور دارالعلوم نٹی پورہ سرینگر شامل ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button