بنگلہ دیش کا بھارت سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکی حوالگی کا مطالبہ
ڈھاکہ:
بنگلادیش کی عبوری حکومت نے بھارت سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شیخ حسینہ واجد رواں برس اگست میں طلباء کے ملک گیر احتجاج کے بعد اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلایش سے بھارت فرار ہوگئی تھیں۔ شیخ حسینہ کی حوالگی کے حوالے سے بنگلادیش کے بھارت سے مطالبے کی بنگلادیشی کے قائم مقام وزیرِ خارجہ توحید حسین نے تصدیق کی ہے۔ ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے کہ شیخ حسینہ مفرور ہیں اور انکے عدالتی کارروائی کیلئے وہ مطلوب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک نوٹ اورایک بل کے ذریعے بھارت سے سابق وزیراعظم کی حوالگی کا مطالبہ کیاگیا ہے ۔بھارتی حکومت کی جانب سے توحید حسین کے بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل بنگلادیش کے قائم مقام وزیرِ داخلہ جہانگیر عالم نے کہا تھا کہ انکی وزارت نے شیخ حسینہ کی واپسی کیلئے وزارتِ خارجہ کو خط بھیجا ہے۔جہانگیر عالم کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور اس معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلادیش واپس لایا جا سکتا ہے۔