بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، چار لاشیں برآمد
کوئمبٹور 08 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹرریاست تامل ناڈو میں گرکر تباہ ہوگیا جس میں بپن راوت اوراعلیٰ فوجی حکام سمیت 14 افراد سوارتھے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جائے وقوعہ سے 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں تاہم بپن راوت کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر جس میں 3سے4 اعلیٰ افسران بھی سوارتھے، بدھ کو پہاڑی ضلع نیلگیرس کے علاقے کونور کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر بھارتی فضائیہ کے سلور بیس سے ڈیفنس سروسز کالج (ڈی ایس سی) ویلنگٹن جا رہا تھا جب یہ گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی مناظر میں ہیلی کاپٹر کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا گیا ہے۔ بپن راوت، ان کا عملہ اور خاندان کے کچھ افراد ایم آئی سیریز کے ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جب یہ ریاست تامل ناڈو میں کوئمبٹور اور سلور کے درمیان گر کر تباہ ہو گیا۔