بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق
نئی دلی 08 دسمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت ریاست تامل ناڈو میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میںجنرل بپن راوت کی اہلیہ اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام بھی شامل تھے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹویٹ میں حادثے میں جنرل راوت کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ بھارتی فضائیہ نے بھی ایک ٹویٹ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور11 دیگر فوجی حکام کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر MI-175جس پر بپن راوت اور دیگر حکام سوار تھے کو تامل ناڈو میں کونور کے قریب حادثہ پیش آیا تھا۔ فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقا ت کا حکم دیدیاگیا ہے ۔ ہیلی کاپٹر نے آج دن 11بجکر 45منٹ پربھارتی فضائیہ کے سلور بیس سے ڈیفنس سروسزسٹاف کالج ویلنگٹن کیلئے ٹیک آف کیا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی وہ حادثے شکار ہو گیا ۔