تحریک وحدت اسلامی کامعروف آزادی پسند رہنما خواجہ شجاع عباس کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر09دسمبر(کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تحریک وحدت اسلامی جموں وکشمیر نے معروف دانشور اور آزادی پسند رہنما خواجہ شجاع عباس کوانکی دوسری برسی پر شاندارخراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خواجہ شجاع عباس کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی گرانقدر خدمات کوہمیشہ یا د رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ شجاع عباس کا تعلق ایک انتہائی تعلیم یافتہ گھرانے سے تھااور اگر وہ چاہتے تو ایک پرتعیش اور آرام دہ زندگی بسر کر سکتے تھے لیکن انہوں نے بھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں شمولیت اختیار کی ۔انہوں نے کہا خواجہ شجاع عباس کشمیری عوام کو بھارتی قبضے کے خلاف منظم کرنے میں اہم کرد ارادا کرتے رہے اور انہوں نے اپنی تحریر و تقریر کی شاندار صلاحیت کوکشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف بیدار کرنے اور ان میں جذبہ حریت پیداکرنے کیلئے استعمال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے اپنے گرد گھیرا تنگ کئے جانے کے بعد مجبورا انہوں نے پاکستان ہجرت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں اپنے قیام کے دوران خواجہ شجاع عباس تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ شجاع عباس مملکت خداداد کے ساتھ والہانہ محبت رکھتے تھے اور جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے انتہائی حامی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ شجاع عباس پاکستان میں ہی 7دسمبر 2019کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ انہوں نے مرحوم رہنما سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلدآزادی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شجاع عباس اور دیگر لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا ۔