سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں، بھارتی یوم جمہوریہ کو ’یوم سیاہ “ کے طور پر منانے کی اپیل
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ایک بار پھر پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وبھارتی یوم جمہوریہ کو” یوم سیاہ“ کے طور پر منائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس ، سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم، جموں کشمیر پیپلز لیگ اور دیگر آزادی پسندتنظیموں کیطرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں لکھا ہے ” بھارت ایک نام نہاد جمہوری ہے جس نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت طاقت کے بل پر دبا دکھا ہے، بھارت اگر واقعی ایک حقیقی جمہوری ملک ہوتا تو وہ کشمیریوں کی آواز دبانے کے بجائے انہیں انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دیتا، کشمیریوں پر مظالم نہ ڈھاتا ، کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش نہ کرتا۔“
پوسٹروں میں کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منا کر بھارت کو یہ واضح پیغام دیں کہ وہ اسکے غیر قانونی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
پوسٹر سماجی رابطوںکی سائٹوں فیس بک، ٹویٹر وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔