مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ
جنیوا : ورلڈ مسلم کانگریس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ورلڈ مسلم کانگریس کے نمائندے ا لطاف حسین وانی نے یہ مطالبہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 61ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کونسل کو بتایا کہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیاجن میں جموں و کشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کیاگیاہے اورخطے کا حتمی حل تلاش کرنا ابھی باقیہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو اقوام متحدہ کے متعلقہ فریم ورک اور بین الاقوامی قوانین کے تحت بین الاقوامی تشویش کا معاملہ قرار دیا۔انہوں نے علاقے میںانسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیوں نے ہزاروں خاندانوں کا جینا حرام کررکھا ہے جبکہ گمنام قبروں کی دریافت سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے پیلٹ گن کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان سے سینکڑوں شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔الطاف وانی نے کہا کہ علاقے کے قدرتی وسائل کا استحصال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بھارت کا کوئی اندرونی معاملہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور دیگر بین الاقوامی کنونشنز کے تحت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے طاقتور ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ احتساب کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے خبردارکیا کہ مسلسل بے عملی کے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔الطاف وانی نے کشمیری عوام کی ثابت قدمی پرانہیںخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طویل چیلنجوں کے باوجود اپنی شناخت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بیانات سے آگے بڑھ کرٹھوس اقدامات کرے جس میں ایک آزاد انکوائری کمیشن کی تشکیل بھی شامل ہے۔






