بھارت فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے،صدر آزادکشمیر
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر سردار مسعود خان کی ملاقات
اسلام آباد:
آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے سلام آباد میں ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اورسردار مسعود خان نے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت ہندوتوا نظریے پر عمل پیرا ہے اوراس نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔ سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت ایسے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو جنگ کی طرف جانے سے روکے اور بھارت کو اس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے لہذا عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہرعالمی فورم پر آواز اٹھانے کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا۔







