راجوری:پراسرار بیماری کی وجہ سے 200سے زائد افراد قرنطینہ مرکز منتقل
جموں:
غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع راجوری میں پراسرار بیماری کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے 17افراد کے اہلخانہ کے ساتھ رابطے میں رہنے والے 200سے زائد افراد کو احتیاطی طورپر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایاہے کہ3 بہنوں سمیت 4 افراد کوہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ 3 کو ہوائی جہاز کے ذریعے جموں کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ماہرین صحت نے بڈھال میں پراسرار بیماری سے جاںبحق ہونیوالے افراد میں دماغی اور اعصابی نظام کو پہنچنے والے نقصان کی نشاندھی کی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور مقامی ایم ایل اے جاوید اقبال چودھری نے لوگوں کی زندگیاں بچانے اور پراسرار بیماری کی روک تھام کے لیے علاقے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میںرہنے والے 200سے زائد افراد کو راجوری میں نرسنگ کالج اور جی ایم سی ہسپتال میں قائم قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔