بھارت
مہاراشٹر:اسلحہ فیکٹری دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 8ہو گئی
ممبئی:بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے قریب واقع ایک اسلحہ فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 8ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جواہر نگر میں واقع آرڈیننس فیکٹری میں صبح ساڑھے 10بجے زوردار دھماکہ ہوا۔مقامی لوگوں کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز 5 کلومیٹر دور تک سنی گئی اور دھماکے کے بعد فیکٹری سے اٹھنے والے سیاہ دھویں نے پورے آسمان پر پھیل گیا۔ ریسکیو اہلکار اور طبی عملہ دھماکے کی جگہ پر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کاخدشہ ہے ۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعدفیکٹری کی چھت گرنے کی وجہ سے کئی کارکن اب بھی عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔فوری طور پر دھماکے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔