بھارتی ذرائع ابلاغ نے امریکی صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے متعلق جھوٹا بیانیہ پیش کیا
اسلام آباد :بھارتی میڈیا، خاص طور پر ارنب گوسوامی جیسی جھوٹے پروپیگنڈے میںملوث صحافیوں کے ذریعے چلائے جانیوالے چینلوں کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریب حلف برداری سے متعلق جھوٹی ، من گھڑت اورسنسنی خیز خبریں پھیلانے پرسخت تنقید کی جارہی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عالمی خبر رساں اداروں نے امریکہ میں سیاسی تبدیلی اور صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے عالمی مضمرات پر توجہ مرکوز کی جبکہ بھارتی میڈیا نے اشتعال انگیز جھوٹ اور بے بنیاد دعوئوں کے ذریعے اس پیش رفت پر جھوٹا بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی ۔بھارتی میڈیا چینلوں کی طرف سے پھیلائی جانیوالی جھوتی خبروں میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور خبریں شامل ہیں جن میں ٹرمپ اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان فون پر گفتگو اور مودی کی طرف سے مبینہ طور پر لاس اینجلس میں آگ بجھانے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھجوانے کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا تھا۔ان جھوٹی خبروں کو سچا ثابت کرنے کیلئے ان کے ساتھ ڈرامائی گرافکس کے ساتھ نشر کیا گیا،تاکہ حقیقت اور افسانے کے در میان فرق ختم کیا جاسکے ۔ارناب گوسوامی کا چینل امریکی صدر ٹرمپ کے بارے میں بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے میں خاص طور پر سب سے آگے تھا۔بھارتی چینلوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے حلف اٹھانے پر مسلم اکثریتی ممالک میں "غم و غصے” کا ایک جعلی بیانیہ بھی تیار کیا۔ بھارتی چینلوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ صدرٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کی وجہ سے مسلم ممالک کوپریشان ہیں جبکہ اس بارے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے تھے ۔ ایسا لگتا ہے کہ بھارتی میڈیا نے یہ جھوٹی خبرمسلم ممالک میں سیاسی کشیدگی اور تقسیم کو بڑھانے کیلئے گھڑی تھی ۔بھارتی میڈیا نے یہ بے بنیاد دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ کے نریندر مودی کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران آنسو نکل آئے ۔ اگرچہ اس حیران کن خبر کو جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھافوری طور پرمیڈیا سے ہٹادیاگیا،تاہم اس خبر سے سوشل میڈیا پر تیزی سے قیاس آرائیاں جنم لینے لگیں۔ ایک ہندوستانی یوٹیوبر نے یہ بھی تبصرہ کیا کہ بھارتی میڈیانے پروپیگنڈے میں شمالی کوریا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بھارتی میڈیا نے صدر ٹرمپ کے دوسری مرتبہ برسراقتدار آنے کے بعد یہ بھی پروپیگنڈہ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ میں مسلمانوں پر "پابندی” عائد کر دی ہے ۔ اس غیر مصدقہ بیانیہ پر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے کڑی تنقید کی ۔ارناب گوسوامی کے نیٹ ورک اور دیگر بھارتی چینلوں نے صدرٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے متعلق جھوٹ پر مبنی ایک متوازی بیانیہ پیش کیا ۔بھارتی میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ سے سچ اور صحافتی اقدار کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔