بم کی دھمکی سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام حواس باختہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات ایک بار پھر متاثر ہوئیںکیونکہ سرکاری حکام کو ای میل کے ذریعے دی گئی بم کی دھمکی کے بعد مرکزی تقریبات کے مقامات پر بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابقDise Lish کانام استعمال کرتے ہوئے ایک شخص کی طرف سے دی گئی دھمکی سے قابض حکام حواس باختہ ہوگئے اور تقریبات کی تیاریاں درہم برہم ہوگئیں۔ تقریبات کے مقامات کی جن میںلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ شرکت کرنے والے تھے، سخت تلاشی لی گئی اوران کارروائیوں میں بم ڈسپوزل ٹیموں اور دیگربھارتی ایجنسیوںنے حصہ لیا۔ تاہم بعد میں اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ یہ محض ایک دھمکی ہی تھی جس میں کوئی دھماکہ خیز موادبرآمد نہیں ہوا۔اس واقعے سے تقریبات کی تیاریوں میں تاخیر ہوئی اور اس طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھارتی اداروں کی صلاحیتوں پر سوالات کھڑے ہوئے۔