علی رضا سیدکامقبول بٹ اور افضل گورو کے اجساد خاکی کے لیے عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرنے کا اعلان
برسلز:کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سیدنے کہاہے کہ ہم بھارت سے مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہیدکے اجساد خاکی حاصل کرنے کے لیے عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کریں گے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت نے مقبول بٹ کو 11فروری1984کو اور افضل گوروکو9 فروری2013کو سزائے موت دے کر ان کے اجساد خاکی کو ان کے اہلخانہ کی مرضی کے برخلاف بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں ہی دفن کردیا تھا اور وہ ابھی تک اجساد ورثا ء کے حوالے کرنے سے انکاری ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ ہم بہت جلد انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس جائیں گے تاکہ اس عالمی عدالت کے ذریعے بھارت سے ان عظیم شہداء کی میتیں واپس لے سکیں اور ان کی آخری رسومات بڑے اعزازکے ساتھ اور اہلخانہ کی مرضی کے مطابق مادروطن کشمیر میں ادا کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مقبول بٹ اور افضل گورو کے اجساد کو ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کے لیے عالمی برادری بھارت پر دبا ئوڈالے۔علی رضا سیدنے بھارتی جیل میں نظربندسینئر کشمیری رہنما محمد یاسین ملک، انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اور دیگر کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں جو یورپی یونین کا ہیڈکواٹربھی ہے، دس فروری کو شہید مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو اپنے سیکرٹریٹ میں شام سات بجے کررہی ہے جس میں کشمیریوں، ان کے ہمدردوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں اور سماجی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کے لیے شہدا ء کی قربانیوں کو دنیا بھرمیں اجاگر کرتے رہیں گے۔