بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے ، مسرور عباس
سرینگر 11 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنما اوراتحاد المسلمین کے صدرمسرور عباس انصاری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے اور اس نے مظلوم کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسرور عباس انصاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا اعلامیہ عالمی ادارے کے رکن ملکوں کو اس اعلامیے پر عملدرآمد کا پابند بناتا ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت مقبوضہ علاقے میں اسے بری طرح روند رہا ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا افسوس ظاہر کیا کشمیری مسلمانوں کے دینی حقوق بھی سلب کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد گزشتہ ڈھائی برس سے مسلسل مقفل ہے جہاں نماز جمعہ اور دیگر دینی فرائض کی انجام دہی کی اجازت نہیں د ی جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولانا عمرفاروق 5اگست 2019سے گھر میں نظر بند ہیں جبکہ دیگر حریت رہنما اور کارکن رہنمابرسہا برس سے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں ۔ مسرور عباس انصاری نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔