بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، حریت کانفرنس
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نئی دلی کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر کے زیر کنٹرول انتظامیہ کی طرف سے املاک کی مسلسل ضبطی اور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوںپر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوںکی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے جموںوکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے ، قابض بھارتی اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور بیگناہ کشمیری نوجوانوںکی گرفتار ی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کے باوجود اپنے شہداءکے مشن کے اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں ، بھارتی مظالم انکے جذبہ آزادی کو دبانے میںناکام ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںجاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔